بنگلور، 8 ؍جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )نوٹ بند ی کی مخالفت کرنے والوں پر نشانہ سادھتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج الزام لگایا کہ حکومت کے فیصلہ کوعوام مخالف بتا رہے لوگ بدعنوانی اور بلیک منی کے سیاسی پجاری ہیں جو معیشت، حکومت اور سماج کو کھوکھلا بنا رہے ہیں۔مودی نے یہاں14ویں ’پرواسی بھارتی دیوس‘ کانفرنس میں کہاکہ دوستوں، آپ جانتے ہیں کہ ہم نے بلیک منی اور بدعنوانی سے لڑنے کی بڑی ذمہ داری لی ہے، بلیک منی اور بدعنوانی نے ہماری حکومت ، معیشت، سماج اور ملک کو آہستہ آہستہ کھوکھلا بنا دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی کی بات ہے کہ کچھ لوگ بلیک منی کے سیاسی پجاری ہیں جو اس کے خلاف ہمارے قدم کو عوام مخالف کہتے ہیں۔بدعنوانی اور بلیک منی کے خلاف حکومت کے اقدامات کی حمایت کرنے کے لیے ہندوستانی نژاد لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ بہت افسوسناک بات ہے کہ بلیک منی کے کچھ حامی بدعنوانی کے اقدامات کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ملک کی ترقی میں ہندوستانی نژاد کمیونٹی کے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے 69ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرکے ہندوستانی معیشت میں بیش قیمت شراکت دی ہے۔انہوں نے کہاکہ میرے لیے ایف ڈی آئی کی دو تعریفیں ہیں،ایک ’براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری‘، اور دوسری ’فرسٹ ڈیویلپ انڈیا‘(پہلے ہندوستان کی ترقی) ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ 21ویں صدی ہندوستان کی صدی ہے۔ہندوستان سے ’برین ڈرین‘ کی قدیم روایت کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ ہم ’برین ڈرین‘ کو’برین گین‘ میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔